خبرنامہ

کراچی آپریشن سو فیصد کامیاب رہا: اے ڈی خواجہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کراچی میں بانویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب ہوئی ۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ ان کا کہنا ہے دہشتگردوں کا مقابلہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، کسی بااثر شخصیت کے دباؤ میں آئے بغیر انصاف فراہم کریں گے ۔ پولیس کمانڈوز کا دستہ مخصوص انداز میں گراؤنڈ میں داخل ہوا ، اس سے قبل جیپ میں سوار آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پریڈ کا معائنہ کیا ، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ قومی ترانہ بجایا گیا ۔ چاک و چوبند پولیس دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی ۔ اس موقع پر پولیس بینڈ نے مسحور کن دھنیں فضا میں بکھیریں ۔ خواتین پولیس اہلکاروں نے بھی مارچ پاسٹ کیا ۔ دہشتگردی سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ تقریب میں علاقائی لباس میں ملبوس خواتین نے بھی خوب داد سمیٹی ، آئی جی سندھ نے کامیاب امیدواروں میں اسناد تقسیم کیں ۔ پاس آؤٹ ہونے والے 639 پولیس اہلکاروں میں 28 خواتین اہلکار شامل بھی شامل ہیں ۔ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اے ڈی خواجہ نے کہا کسی بااثر شخصیت کے دباؤ میں آئے بغیر انصاف فراہم کریں گے ۔ اے ڈی خواجہ نے کہا دہشتگردوں کا مقابلہ کر کے ملک کو امن کا گہوارا بنائیں گے ۔