خبرنامہ

کراچی :سولجر بازار میں تاریخی سکول منہدم کر دیا گیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں علم کے دشمنوں کا وار ، سولجر بازار میں قدیم تاریخی سکول کی عمارت کو منہدم کر دیا ، ابتک کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا ، طالبات ملبے پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ سکول کے باہر ملبے پر بیٹھی طالبات مجبوری میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ۔ سولجر بازار میں قدیم تاریخی سکول کو قبضہ مافیا نے منہدم کرکے علم پر وار کیا ۔ طالبات حسب معمول سکول پہنچیں ، اسمبلی بھی لگی ، بچیوں نے قومی ترانہ بھی پڑھا ، قومی ترانے کے بعد طالبات ملبے پر بیٹھیں اور دعا میں شریک ہوئیں ۔ سکول انتظامیہ نے متاثرہ دو کلاسوں طالبات کو دوسری کلاسوں میں بٹھایا ۔ قدیم تاریخی سکول جوفل ہرسٹ مسمار کرنے والے لینڈ مافیا کے خلاف ابتک مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی قومی ورثہ قرار دی جانے والی عمارت کو نقصان پہنچانے پر برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کا حکم دیا ۔ 1928ء میں قائم ہونےوالے اس سکول میں ایک ہزار سے زائد طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں ۔ اس قدیمی سکول سے کئی نامور شخصیات بھی تعلیم حاصل کرچکی ہیں ۔