کراچی والوں نے ثابت کیا وہ تبدیلی چاہتے ہیں،تحریک انصاف
چاہتے ہیں کہ لوٹ مار اور بدعنوانی کا دور ختم ہو، تحریک انصاف اب ملک پر راج کرے گی عمران خان نے کراچی پیکیج کا جو وعدہ کیا اسے پورا کرکے دکھائیں گے ، فردوس شمیم نقوی
کراچی (ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ’’انصاف ہاؤس‘‘سے جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی نے اپنا وعدہ پورا کردیا۔چیئرمین عمران خان کو جتوا کر کراچی والوں نے ثابت کیا کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہم اس بھرپور حمایت اور پر جوش ساتھ پر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اب عمران خان وزیر اعظم بنیں گے اور تبدیلی آکر رہے گی۔ شہر کراچی کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا،کراچی پیکیج کا جو وعدہ چیئرمین عمران خان نے کیا تھا، اسے پورا کرکے دکھائیں گے ۔ ہمیں کراچی میں ہونے والے الیکشن کے انتخابات اور اس کے نتائج پر تحفظات ہیں۔ کراچی والوں نے پی ٹی آئی کا اس سے کہیں زیادہ ساتھ دیا، جتنا کہ ظاہر کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے جتنے بھی نمائندے اس الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کراچی کی طرف سے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جاری رسہ کشی، لوٹ مار اور بدعنوانی کا دور ختم ہو۔ لوگ سکون اور چین کی زندگی گزار سکیں۔ حکومت میں آنے سے اس پر کام کرنا ہمارے لیے آسان ہوجائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف اب پورے ملک پر راج کرے گی۔