خبرنامہ

کرپشن کے مافیا کے خلاف 22 سال پہلے جنگ شروع کی: عمران خان

لوئردیر: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے مافیا کے خلاف 22 سال پہلے جنگ شروع کی تھی۔

لوئر دیر تیمر گرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن تھا اور ہے، سارا پاکستان فیصلے کا انتظار کر رہا ہے، آج پاکستان کی تاریخ کے لیے فیصلہ کیوں ضروری ہے، کیونکہ اب تک طاقتور آتا تھا، پیسے لوٹتا تھا اور کوئی ادارہ کچھ نہیں کہتا تھا، نیب ایف آئی اے سمیت پولیس میں بھی چوروں کو پکڑنے کی جرات نہیں تھی۔

انہوں نے کہاکہ عوام کا پیسا چوری کرکے منی لانڈرنگ سےباہر بھیجا جاتا ہے، کرپشن کے مافیا کے خلاف 22 سال پہلے جنگ شروع کی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ چھ بار شریف خاندان نے پنجاب میں حکومت کی، قوم کا سب سے بڑا ڈرامے باز شہبازشریف ہے، اب وہ انسانوں پر سرمایہ کرنے کی باتیں کرتا ہے، شہباز شریف کوئی بات تو اپنی عقل سے کرو، جو میں بولتا ہوں، وہ شہبازشریف بولنا شروع ہوجاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جو بھی اقتدار میں آتا ہے فضل الرحمان مقناطیس کی طرح جڑ جاتے ہیں، یہ پہلی باری ہوگی اگر ہماری حکومت آئی تو یہ مقناطیس نہیں جڑے گا۔

انہوں نے اپنی سابق صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت اسلامی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ آپ کو فضل الرحمان کے علاوہ اتحاد کرنے کے لیے کوئی نہیں ملا؟ جب آپ سے پوچھا جائے گا کہ بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی فضل الرحمان نے کشمیریوں کے لیے کیا کیا؟ تو آپ کیا کہیں گے۔