کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ پارٹی میں فرنٹ یا بیک فٹ پر جاؤں: چوہدری نثار
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ وہ کوئی کرکٹ نہیں کھیل رہے جو پارٹی میں فرنٹ یا بیک فٹ پر جائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور چوہدری نثار کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، گزشتہ دنوں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چوہدری نثار شریک نہیں ہوئے جس کی وجہ سامنے آئی تھی کہ نوازشریف نے انہیں اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا تھا۔
نواز شریف نے اپنے دیرینہ ساتھی چوہدری نثار سے راہیں جدا کرلیں
چوہدری نثار سینیٹ الیکشن کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے قومی اسمبلی پہنچے جہاں ووٹ دینے کے بعد انہیں میڈیا نمائندوں نے گھیر لیا۔ چوہدری نثار نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی اور کہا کہ ’ووٹ ڈالنے آیا تھا آج پارٹی امور پر بات کرنےکا موقع نہیں‘۔ اس دوران پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عدم شرکت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’پارلیمانی پارٹی میں شرکت کےلیے دعوت سب ارکان کو دی جاتی ہے، میں نوازشریف صاحب کے دور میں بھی پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں نہیں جاتا تھا‘۔ صحافی نے چوہدری نثار سے سوال کیا کہ اب شہباز شریف پارٹی صدر بن گئے اب آپ فرنٹ فٹ پرآئیں گے؟ اس پر (ن) لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’میں کوئی کرکٹ تو نہیں کھیل رہاہےکہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاؤں‘۔