لاہور(ملت آن لائن)ہائی کورٹ نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی اپیلٹ ٹربیونل نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت کی، اس موقع پر وکیل درخواست گزار وکیل اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں معلومات ظاہر نہیں کیں اور کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔