کوئٹہ:ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
کوئٹہ:(ملت آن لائن) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اسمنگلی روڈ پر نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی حمیدا للہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق گاڑی بلٹ پروف ہونےکی وجہ سے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی اور ڈرائیور محفوظ رہے، تاہم فائرنگ سےگاڑی کے پچھلےحصے میں سوار 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
کوئٹہ میں فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید
پولیس کے مطابق حمیداللہ دستی ڈی ایس پی پراسیکیوٹنگ تعینات ہیں اور واقعے کے وقت وہ کیسز کی پیروی کے لیے عدالت جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔ ‘3 افراد نےگاڑی پر دو اطراف سے فائرنگ کی’ واقعے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ڈی ایس پی حمید اللہ معمول کےمطابق ہائیکورٹ جا رہے تھے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق 3 افراد نےگاڑی پر دو اطراف سے فائرنگ کی۔ ڈی آئی جی کے مطابق گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے ڈی ایس پی محفوظ رہے تاہم 2 اہلکار گاڑی کے پچھلےحصےمیں ہونے کی وجہ سے فائرنگ کی زد میں آئے۔ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں تاہم انہیں سر پر گولیاں لگیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اکثر وبیشتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔ رواں ماہ 14 فروری کو بھی کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔