کوئٹہ خودکش حملے کا مقدمہ درج، شہدا کی نماز جنازہ ادا
بلوچستان(ملت آن لائن)کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ شہدا کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے قریب گزشتہ روز بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش حملے میں 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے تھے۔ خودکش حملے کا مقدمہ کوئٹہ کے مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں خودکش حملہ، بلوچستان کانسٹیبلری کے 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید، دوسری جانب دہشت گردی کے حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں پولیس افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب بلوچستان کی سیاسی صورتحال کے لیے صوبائی اسمبلی کے باہر کوریج کی جارہی تھی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جب کہ خودکش حملہ آور کی عمر 15 سے 20 سال کے درمیان تھی۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاک-افغان سرحد سے داخل ہو کر اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔