کوئٹہ دھماکے کے شہدا کے ورثا کو معاوضہ دیا جائے ،معراج الہدیٰ
عوام نے الیکشن میں جس طرح اداروں پر بھرپور اعتمادکیا وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے دشمن پاکستان میں امن اور جمہوریت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ،امیرجماعت اسلامی سندھ
کراچی(ملت آن لائن)امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کوئٹہ مشرقی بائی پاس پر پولنگ اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں 30سے زائد افراد کی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر اپنے شدید دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک مہینے میں پشاور، بنوں، مستونگ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد مقامات پر ہونے والی دہشتگردی کے باوجودایک بار پھر کوئٹہ میں دہشتگردی کا المناک واقعہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے ، دشمن پاکستان میں امن اور جمہوریت کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، تمام تر دہشتگردی اور سازشوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد نے گھروں سے باہر نکل کر ووٹ ڈالا جو دشمن قوتوں کی بڑی ناکامی ہے ، عوام نے الیکشن میں جس طرح سے امن وامان اور صبر وتحمل کا مظاہرہ ، جمہوریت اور جمہوری اداروں پر بھرپور اعتماد کااظہار کیا ہے وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دکھ کی گھڑی میں برابر کی شریک ہے ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والے افراد کے ورثاء کو مناسب معاوضہ اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے ۔