کوئی نا اہل ہو کر سرخرو ہے تو کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھرتا ہے: مریم نواز
کوٹ مومن: (ملت آن لائن) مریم نواز کا کہنا ہے سرگودھا کےعوام میاں صاحب سے لازوال محبت کرتے ہیں، عوام کی محبت نے ہمارے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا مخالفین کبھی ایک ادارے اور کبھی دوسرے ادارے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔کوئی نا اہل ہو کر بھی سرخرو ہے اور کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے صداقت اور امانت کے پیچھے فکسڈ میچ ہے: جلسے سے خطاب، پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئی نا اہل ہو کر بھی سرخرو ہے اور کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھرتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے صداقت اور امانت کے پیچھے فکسڈ میچ ہے، روز ٹی وی پر آکر نیا جھوٹ بول رہا ہے۔ انہوں نے کہا 2013 سے پہلے لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور دہشتگردی تھی لیکن میاں صاحب نے خون پسینہ ایک کر کے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کر کے دکھایا، عوام کی محبت نے ہمارے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ مریم نواز نے کہا سیاسی مخالفین جانتے ہیں کہ نواز شریف اگلا الیکشن جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا پاناما کے نام پر 3 نسلوں کا بار بار حساب ہوا، پاکستان اور عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا، نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما سے اقامہ نکل ہی آتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان خود کہتے ہیں آف شور کمپنی انکی ہے اور ٹیکس بچانے کے لئے بنائی لیکن کہا جاتا ہے آف شور کمپنی تمہاری نہیں۔ لیگی رہنما نے کہا جس ڈکٹیٹر نے قانون اور آئین کا تماشہ بنایا ہے، اسے بھی عدالت میں بلایا جائے، کب تک وزیراعظم ہاؤس، پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کو ضمانت ملے گی۔