اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی مشاورتی اجلاس جاری ہے۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
جیونیوز کے مطابق میاں نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے قبل غیر رسمی مشاورتی اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں جاری ہے جس میں شہباز شریف، چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق، اسپیکر ایاز صادق، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر آصف کرمانی، شاہد خاقان عباسی ، سردار مہتاب عباسی اور عبدالقادر بلوچ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے اور آئندہ 45 روز کے لیے عبوری وزیر اعظم اور اس کے بعد مستقل وزیر اعظم کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں پارٹی صدارت سونپنے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت نوازشریف سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد پارٹی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتے۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں میاں نوازشریف کو نااہل قرار دیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن ان کی اسمبلی رکنیت بھی ختم کرچکا ہے جب کہ عدالتی فیصلے میں حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔