خبرنامہ

کیری کا اسحاق ڈار کو فون

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور بتایا کہ صدر عالمی بینک نے انہیں سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کی بھارت سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے پانی کے حق کا تحفظ کیا جائے، سندھ طاس عالمی معاہدہ ہے، عالمی بینک بھارت کو پابند کرے کہ وہ اس معاہدے کا احترام کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں کے بعد ثالثی عدالت قانونی ضرورت ہے، عالمی بینک ثالثی عدالت کا چیئرمین مقرر کرے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی معیشت میں بہتری آنے پر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور حکومتی کاوشوں کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چھوٹے اہداف کی حصولی کے بعد مستحکم معیشت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔