اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائے جانے والی پارلیمانی کمیٹی کو مسترد کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات پر پارلیمنٹ جو کمیٹی بنا رہی ہے ان میں ہمارے سیاسی حریف شامل ہوں گے جو ہمارا چہرہ دیکھنا نہیں چاہتے، جو اس مہم کے محرک ہیں وہ کس طرح شفاف تحقیقات کریں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ تحریک انصاف کو کسی تحقیقات سے کوئی انکار نہیں اور ہر تحقیق کے لئے تیار ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات ہوں لیکن ہمارے سیاسی حریفوں کے نیچے بنائی جانے والی کمیٹی کس طرح شفاف تحقیقات کرسکتی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سیاست کو گند کی جانب لے جارہی ہے اس لئے اگر سیاست اس طرف گئی تو بہت خرابی ہوگی، معلوم تھا مسلم لیگ (ن) عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف گندی مہم شروع کرے گی، اور عین اسی طرح اخلاق سے گری ہوئی باتیں ہورہی ہیں جو آگے بھی نظر آئیں گی تاہم ہم نہیں چاہتے کہ سیاست کو غلط کیا جائے۔
شفقت محمود نے کہا کہ کردار کشی کرنا مسلم لیگ (ن) کا پرانا وطیرا ہے، اس سے قبل ماضی میں بھی بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی نازیبا تصاویر جہازوں کے ذریعے لاہور میں پھینکی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کو مخاطب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جو شیشے کے گھر میں رہتے ہیں انہیں پتھر نہیں پھینکنے چاہیے، آپ کی کابینہ کے لوگ اور لیڈروں کے ماضی کا سب کو پتہ ہے، اگر سیاست اس طرف گئی تو بہت خرابی ہوگی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد حکومت سپریم کورٹ پر حملے کر رہی ہے، انہیں اگر عدالتوں نے کرپٹ کہا ہے تو ہم نہیں چاہتے کہ گری ہوئی سطح پر جائیں جب کہ سول سوسائٹی کے علمبردار بھی عدالتی فیصلوں پر تنقید کر رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چوہدری نثار کا کابینہ میں نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، خواجہ ااصف جنہیں سفارتی آداب کا کچھ نہیں پتہ انہیں وزیرخارجہ لگادیا گیا ہے۔