گنے کی پوری قیمت نہ ملنے پر شوگر ملز ملازم نہیں مالک کیخلاف کارروائی ہو گی: شہباز شریف
لاہور (ملت آن لائن) شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںگنے کے کاشتکاروں کو شوگر مل مالکان کی جانب سے ادائیگیوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کاشتکاروں کو گنے کی قیمت 180 روپے فی من کے حساب سے ادائیگی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ آئندہ گنے کے وزن کی کٹوتی کی شکایت آئی تو ذمہ داروںکے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کاشتکاروں کو ادائیگی کے پورے عمل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے اور گنے کی فصل میں کٹوتی کرنے والی او رپوری قیمت ادا نہ کرنے والی ملوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کارروائی مل ملازم کے خلاف نہیں بلکہ مالک کے خلاف ہوگی۔کسی نے کسان کا حق چھیننے کی کوشش کی تو میں کسانوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔کاشتکاروں کا مفاد بے حد عزیز ہے، اس کا ہر قیمت پر تحفظ کروں گا اورکاشتکاروں پر کسی قسم کی ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے۔ انہوں نے کہا کسی کو گنے کے کاشتکار کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔ کہیں غیر قانونی کنڈوں کی شکایت آئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے ہدایت کی صوبائی وزرا اور متعلقہ سیکرٹریز اپنے تفویض کردہ اضلاع کے باقاعدگی سے دورے کریں دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ مجھے باتیں نہیں کام کرکے دکھائیں۔کسان اتحاد (خالد کھوکھر گروپ) کے صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا آپ کاشتکاروںکے مفادات کے تحفظ کیلئے جس طرح کام کررہے ہیں، کاشتکار آپ کے شکرگزار ہیں۔ صدر شوگر ملز ایسوسی ایشن جاوید کیانی نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کریں گے ۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے 16 سے زائد ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز اور سفارتکاروں نے ملاقات کی۔ اس دوران سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون اور تعلقات بڑھانے پر تفصیلی تبا دلہ خیال کیا گیا۔ 2گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں سفیروں، ہائی کمشنرز اور سفارتکاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی غیرمعمولی لیڈر شپ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا آپ نے اپنی محنت، عزم اور جذبے سے پنجاب کو ایک ترقی یافتہ صوبہ بنایا ہے۔کویت کے سفیر نے کہاکہ آپ اپنی محنت اور کام سے غیر معمولی لگن کے باعث مقبول ہیں تاجکستان کے سفیر نے کہا لوڈشیڈنگ کا خاتمہ آپ کا شاندار کارنامہ ہے، مجھے یاد ہے ماضی میں 9،9گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ آذربائیجان کے سفیر نے کہا آپ نے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے اور لاہور سمیت پنجاب ترقی کرتا نظر آرہا ہے، بیلاروس کے سفیر نے کہا عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے آپ نے اپنے ویژن کو عملی جامہ پہنایا ہے اور صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے بڑی محنت سے کام کیا ہے۔ مصر کے سفیر نے کہا کہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث حکومت نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور جو مقاصد آپ نے طے کئے وہ حاصل کئے اور لیڈر شپ کا یہی کردار ہوتا ہے- نائیجیر یاکے سفیر نے کہا میں نے پنجاب میں آکر خود ترقی اور خوشحالی کا مشاہدہ کیا ہے، سوڈان کے سفیر نے کہا کہ گزشتہ شب آپ نے اپنے غیرمعمولی خطاب میں اپنی قوم کو شاندار پیغام دیا میں آپ کی تقریر سے بہت متاثر ہوا ہوں۔سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا آپ کی غیرمعمولی قیادت میں تعلیم، صحت ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی ہائی کمشنر آسٹریلیا نے کہا صوبہ پنجاب نے آپ کی مضبوط قیادت میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ترکی کے قونصل جنرل نے کہا پنجاب کی شاندار ترقی وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی مضبوط قیادت کی مرہون منت ہے۔ چینی سفارتکار نے کہا شہباز شریف نے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے تحت منصوبے مکمل کئے ہیں دیگر سفارتکاروں نے بھی وزیراعلی محمد شہبازشریف کی مثالی لیڈر شپ، انتھک محنت اور شاندار ویژن کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی نے سفارتکارو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن کو آگے بڑھایا ہے اورماضی کے مقابلے میں ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔پاکستان کو ترقی یافتہ لوٹ مار سے پاک‘ خوشحال ملک بنانا میری زندگی کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اورا نشاء اللہ پاکستان یہ جنگ جیتے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا بہت حد تک خاتمہ کیاجا چکا ہے اور یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، آخری دہشت گرد کو پاک دھرتی سے نکا ل کر دم لیں گے۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل کامیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاک دھرتی سے دہشت گردوں کے نا پاک وجود کا مکمل صفایا کریں گے۔ انہوں نے کہا دوست ممالک سے ہمیں فنی معاونت اور مہارت چاہیے، امداد نہیں۔ شہباز شریف نے پرائڈ آف پارمنس ایوارڈ یافتہ پروفیسر حافظہ قاریہ روبینہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔