اسلام آباد ۔ 2 فروری (ملت+اے پی پی) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں موجودہ حکومت نے دوگنا اضافہ کیا ہے، اصل ڈگری کی تصدیق کی فیس 800 روپے جبکہ فوٹو کاپی کی فیس 500 روپے ہے، پاکستان کی 10 جامعات ایشیاء کی 300 بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔ پاکستان 2018ء میں سنگاپور سمیت کئی ممالک سے تحقیق میں آگے ہوگا۔ جمعرات کو وقفہ سوالات کے دوران مسرت رفیق مہیسر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کی جانب سے جاری کردہ ڈگریوں یا ٹرانسکرپٹس کے اصل کاعذات کے ایک صفحہ کی تصدیق کے لئے 800 روپے جبکہ فوٹو کاپی کی تصدیق کے لئے 500 روپے فیس وصول کرتا ہے، گزشتہ تین سالوں کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مکمل بجٹ جاری کیا گیا، کوئی فنڈز لیپس نہیں ہوئے۔ رواں مالی سال کا ایچ ای سی کا بجٹ 91 ارب روپے ہے۔ 2006ء تک پاکستان کی کوئی ایک جامعہ دنیا کی اچھی جامعات میں شامل نہیں تھی، اب 10 یونیورسٹیاں ایشیاء کی 200 جامعات میں شامل ہیں۔ دنیا کی 7000 جامعات میں پاکستان کی 2 جامعات شامل ہیں۔ پاکستان میں تحقیق کا شعبہ بہتر ہو رہا ہے۔ عالمی ادارے یہ پیشن گوئی کر رہے ہیں کہ 2018ء میں پاکستان تحقیق اور پی ایچ ڈی میں سنگاپور سمیت کئی ممالک سے آگے نکل جائے گا۔
خبرنامہ
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں موجودہ حکومت نے دوگنا اضافہ
