اسلام آباد: وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرنے یا کوئی اور ایکشن لینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کر کے توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر احتجاج کردیا تاہم خاکوں کا معاملہ او آئی سی اجلاس میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر او آئی سی کو خط لکھا ہے‘۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کی ٹیلی فونک گفتگو کے ٹرانسکرپٹ سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازع کا خاتمہ چاہتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’وزیر خارجہ اس پر تفصیلی روشنی ڈال چکے ہیں‘۔
ڈاکٹر فیصل احمد نے افغانستان میں غزنی حملے کے حوالے سے کابل کے بیانات کو محض الزامات قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عافیہ صدیقی کے معاملے پر کوئی نئی معلومات نہیں ہیں‘۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف آج (30 اگست کو) پاکستان پہنچ رہے ہیں اور دو روزہ دورے میں وزیر اعظم، وزیرخارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ بھارت نے الجزیرہ ٹی وی کی جانب سے مقبوضہ کمشیر پر بھارتی مظالم نشر کرنے پر دہلی نے نشریات پر پابندی عائد کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے میں بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔
وزارت خارجہ نے بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال کی مذمت کی۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حریت رہنماؤں کی بگڑتی صحت اور غیر قانونی نظربندی پر تشویش ہے
ڈاکٹر محمد فیصل نے عالمی برادی سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی اور شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا گیا۔
چاہ بہار اور گوادر اعزازی بندرگاہیں
وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ چاہ بہار اور گوادر اعزازی بندرگاہیں ہیں جہاں بھارت کی موجودگی سے فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں وہاں اکٹھے آگے بڑھنا ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں‘.
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’چین پاکستان کا آہنی بھائی ہے اورسی پیک چین کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کا شکار افراد کے عالمی دن پر اظہار یکجہتی کیا۔
امریکا کے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیر خارجہ سے الوداعی ملاقات کی