اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ برداشت‘ تحمل اور جمہوری سوچ سے ہم جمہوریت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کر سکتے ہیں، پاکستان میں آمریت کے مقابلے میں جمہوریت کا دور کم رہا، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں صوبوں کے حقوق کا پورا خیال رکھا اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے مرکز کا حصہ کم کرکے صوبوں کے وسائل میں اضافہ کیا ۔وہ جمعرات کو سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی قیادت میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران نے صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم اہنگی کے فروغ کیلئے مستقل بنیادوں پر میٹنگز اور سیمینار زکے اہتمام پر زور دیا۔ خواتین ممبران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں کو براہ راست الیکشن میں خواتین کو زیادہ نمائندگی دی جانی چاہئے تاکہ ہماری ابادی کے نصف حصے کی جمہوری ایوانوں میں بھرپور نمائندگی ہو سکے۔ اقلیتوں کے نمائندگان نے کہا کہ بیرون ملک یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں مگر یہ بات بالکل درست نہیں اور ہمیں اس تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہمارے ہاں آمریت کے مقابلے میں جمہوریت کا دور کم رہا ہے مگر یہ بات خوش آئند ہے کہ اب ہم جمہوریت کا دوسرا دور مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برداشت‘ تحمل اور جمہوری سوچ سے ہم جمہوریت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کر سکتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں صوبوں کے حقوق کا پورا پورا خیال رکھا اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے مرکز کا حصہ کم کرکے صوبوں کے وسائل میں اضافہ کیا اور اگر ہم اسی جذبے اور روایات کے ساتھ اگے بڑھتے رہے تو پھر ہم جمہوریت‘ ملک اور اس کی معیشت کو بے مثال بنانے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔(رڈ)
خبرنامہ
ہم جمہوریت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کر سکتے ہیں،
