خبرنامہ

یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستانی قوم آج یومِ پاکستان آج جوش وخروش سےمنارہی ہے۔ دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔ یوم پاکستان پرمساجد میں نمازِفجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اوریکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یوم پاکستان کی پروقارتقریب اورفوجی پریڈ
اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ جاری ہے، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات سمیت دیگرسول وعسکری حکام شریک ہیں۔ سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں شریک ہیں۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پرسوار ہوکر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔ یوم پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوارہوکرمسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔
ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ
ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارے میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔ ایئرچیف مارشل کی جانب سے فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی اور شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
صدرپاکستان کا فوجی پریڈ سے خطاب
صدرممنون حسین نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں ہے، اس دن قوم نے بیرونی تسلط سے آزاد ہونے کا فیصلہ کیا، ہم شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا کو خوش آمدید کہا اور اس کے ساتھ اردن اورترکی کے فوجی دستوں کی پریڈ میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا۔ صدرممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی کے مخالفین کو خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں، اس پیغام کوہماری کمزوری سمجھنا غلطی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے تاریخ سازکردارادا کیا، ہم دیگرشراکت داروں کے ساتھ امن کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔ صدرمملکت ممنون حسین نے بھارت کوخبردارکرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکو دبانا چھوڑ دے، پاکستان کشمیریوں کے جائزحق کے لیے اپناکردارادا کرتا رہے گا۔ صدرممنون حسین نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشت گردی کا مقابلہ عزم سے کیا، دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف کامیابیوں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ یہ سرنہ اٹھا سکے، یہ امرقابل اطمینا ن ہے ادارے اپنی ذمے داریاں پوری کررہے ہیں۔ صدرمملکت ممنون حسین نے پریڈ کے شاندارانعقاد پرمسلح افواج اور ضلعی انتظامیہ کومبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندارپریڈ ہمارے خوابوں کی تعبیرہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے مسلح افواج اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے پوری کرتے رہیں گے، ہمارے جمہوری ادارے فعال ہیں اوراپنا آئینی کردارادا کررہے ہیں، منتخب جمہوری حکومتوں کا مدت پوری کرنا قابل اطمینان ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ہمسایہ ملک اپنی طاقت میں مسلسل اضافہ کررہا ہے، جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کوخطرات لاحق ہیں۔ پریڈ میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئر کور، نادرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروس گروپ اور کیمل بنیڈ پریڈ میں حصہ لیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی فوج کا دستہ بھی تقریب میں شریک ہے، تینوں مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ اور فضائیہ کا ایئرشو بھی ہوگا۔