یوم یکجہتی کشمیر: (ن) لیگ نے مظفرآباد اور پی پی نے لاہور میں پنڈال سجالیا
لاہور:(ملت آن لائن) یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے مظفرآباد اور پیپلز پارٹی نے لاہور میں جلسوں کے لئے پنڈال سجا لیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیر ڈے کی مناسبت سے لاہور میں موچی گیٹ گراؤنڈ میں جلسے کے لئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، جلسہ گاہ کے اندر اور باہر بڑے بڑے پینافلیکس بھی آویزاں کیے گئے ہیں جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج ہیں۔ جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے جب کہ کارکنوں کو دوپہر میں جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں پنڈال سجایا ہے جہاں شرکا کے بیٹھنے کے لئے بڑی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر مرکزی قائدین جلسے سے خطاب کریں گے۔