یہ کیسی نااہلی ہے کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں پورا شہر امڈ آتا ہے، مریم نواز
گوجرانوالہ:(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں وہاں پورا شہر امڈ آتا ہے۔ گجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ گجرانوالہ نے دھرنے والوں کو ایسا بھگایا تھا کہ وہ آج تک بھاگتے پھر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے مخالف گجرانوالہ سے منہ چھپا کر گزرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ سازوں نے کچھ اور سوچ رکھا تھا لیکن آپ عوام نے ان کے سارے منصوبے ناکام بنا دیے، مخالفین سوچ کر بیٹھتے تھے شریف فیملی بکھر جائے گی، مسلم لیگ (ن) ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی اور سینیٹ انتخابات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ ساز سوچ رہے تھے کی ٹیکنو کریٹ حکومت آئے گی لیکن عوام نے منصوبہ سازوں کے سارے منصوبے فیل کر دیے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اتنا کام کیا ہے کہ مخالفین میدان میں ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ اور عام انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں اور رونے کی آوازیں بھی تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ جہاں جہاں نواز شریف جاتے ہیں پورے کا پورا شہر امڈ آتا ہے اور عوامی عدالت میں نواز شریف کی گواہی دینے والوں کے لیے میدان چھوٹے پڑ جاتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مخالفین سازشوں میں مصروف ہیں اور نواز شریف اگلے 5 سال کا ایجنڈا بنا رہا ہے کہ اگلے 5 برسوں میں کیسے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نہال ہاشمی نے عدلیہ کے خلاف بیان دیا تھا تو مجھے بھی غصہ آیا تھا اور مجھے مجھے لگا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیان سے ہمارا کیس خراب ہو گیا ہے لیکن کروڑوں لوگوں کے ووٹ سے وزیرراعظم بننے والے کو سسلین مافیا اور گاڈ فادر کہا گیا، کیا یہ آئین کی توہین نہیں۔ نہال ہاشمی کو توہین عدالت پر 5 سال کی سزا ہوئی لیکن عمران خان ساڑھے 4 سالوں سے پارلیمنٹ اور اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، کیا انہیں بھی پارلیمنٹ کی توہین پر ایک ماہ قید اور 5 سال نااہلی کی سزا ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیلیں بھر جائیں گی مگر نواز شریف سے محبت کم نہیں ہو گی، وہ جانتے نہیں کہ نواز شریف اب اکیلا نہیں بلکہ ہر گھر میں نواز شریف بستا ہے۔