خبرنامہ

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہبازشریف کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھیج دیا گیا

لاہور:(ملت آن لائن) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی تحویل میں تھے۔

مذکورہ کیس کی 29 نومبر کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کی تھی۔

جسمانی ریمانڈ کے خاتمے پر نیب حکام نے شہباز شریف کو آج احتساب عدالت کے نجم الحسن کے روبرو پیش کیا۔

سماعت کے دوران نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

تاہم نیب پراسیکیوٹر عدالت کو مطمئن نہ کرسکے اور دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف کو اب 13 دسمبر کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی
شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر لیگی رہنما مریم اورنگزیب، بلال یاسین اور خواجہ عمران نذیر کے علاوہ کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔

احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں نے شور شرابہ کیا اور رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔

پولیس کے لاٹھی چارج سے مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔

دوسری جانب ہنگامہ آرائی کرنے والے کئی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔