خبرنامہ

اسلامی تعاون تنظیم؛ مسئلہ کشمیرپرپاکستانی مؤقف کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد:(اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل عیاد امین مدنی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے اور او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرے گی۔ اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے تنظیم تعاون اسلامی کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل قابل تشویش ہے گزشتہ 40 روز میں 80 سے زائد بے گناہ کشمیری بھارتی قابض فوجیوں کی بربریت کا شکار ہوکر شہید ہوچکے ہیں – پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر اٹھایا ہے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلے کا حل خطے میں امن کے لئے انتہائی ضروری ہے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا رابطہ گروپ بھی کشمیر پر مؤثر کردار ادا کررہا ہے رابطہ گروپ کا آئندہ اجلاس امریکا میں جنرل اسمبلی اجلاس کےموقع پرہوگا۔ مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں بھی دیگر امور کے علاوہ خصوصاً کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا او آئی سی نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی مؤقف کی مکمل حمایت کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری عیاد امین مدنی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال روز بروز خراب ہورہی ہے اوربدقسمتی سے بھارتی مظالم کیخلاف بہت کم آوازیں سامنےآئی ہیں عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے آواز اٹھائے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت نکلنا چاہئے۔او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرےگی۔