خبرنامہ

اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق اور بہترین سلوک و برتاؤ ہے، خطبہ حج

مکہ مکرمہ: حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے دوران مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق اور بہترین سلوک و برتاؤ پر مشتمل ہے۔

خطبہ حج

اللہ تقویٰ اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم فلاح پاؤ، تمام انبیا نے اللہ کی وحدانیت کی تعلیم دی، تقویٰ اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات پر عمل سے مشروط ہے اور اللہ کی وحدانیت پر یقین اور عبادت تقویٰ کا اہم ستون ہے۔

رسول کریم ﷺنے توحید پر زور اور اللہ کے برابر کسی کو لاکھڑا کرنے کی مذمت کی، محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان کامل اور ان کے بتائے گئے احکامات کو برحق ماننا ایمان کا اہم جزو ہے۔

نماز کلمہ کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے، نماز کی اہمیت پر قرآن اور حدیث نے زور دیا، زکوٰة اور روزے بھی اسلام کے اہم ستون ہیں اور حج صاحب استطاعت پر فرض کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے نماز قائم کرو بے شک نماز برائی اور بے حیائی سے روکتی ہے، فرمان باری تعالیٰ ہے اے ایمان والوں تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا جیسے تم سے پہلے امتوں پر کیے گئے تھے۔

اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق اور بہترین سلوک و برتاؤ پر مشتمل ہے، کوئی بھی امت دلوں میں اخلاق کا بیج بوئے بغیر صالح شہری پیدا نہیں کرسکتی۔

رسول پاک ﷺنے اپنے خطبہ عرفہ میں حسن اخلاق پرزور دیا، نبی پاک کے اعلیٰ ترین اخلاق نے اسلام کو پیش کرنے میں نمایاں کردارادا کیا، حسن اخلاق سے ہی اسلام آفاقی دین ثابت ہوا، نبی پاک ﷺ کا پیش کردہ اخلاقیات کا درس کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتا ہے۔

ہماری کامیابی قرآن و سنت پر عمل کرنے میں ہے، اخلاق فاضلہ کا درس دیں، آنے والی نسل کو اچھے اخلاق کی تعلیم دیں، دین اسلام خیر اور احسان پر ابھارتا ہے، کسی بھی انسان پر ظلم کرنے اور سرکشی چھوڑنے کا کہتا ہے، اسی لیے امت مسلمہ ایک امت ہے، دین اسلام ایک رب کی طرف متوجہ ہونے، ایک نبی کی پیروی کرنے اور ایک کتاب سے رہنمائی حاصل کرنے کا کہتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے مخلوق کا مذاق اڑانے، بدگمانی، تکبر اور چغل خوری سے منع کیا، اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا، یقیناً یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے جو بہت سیدھا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے والدین کے احترام اور خیال رکھنے کی تلقین کی ہے، اسلام نے میاں بیوی کے رشتے میں میانہ روی اور محبت پر زور دیا۔

شریعت نے دھوکہ دہی، سود خوری، خرید و فروخت کی مجھول شکلوں سے منع کیا اور کاروباری لین دین کے حقوق کو لکھنے، معاہدوں اور وعدوں پر قائم رہنے اور وفا کرنے کا حکم دیا۔

اسلام نے بے ایمانی کرنے والوں کو سخت عذاب کی تنبیہ دی اور معافی اور درگزر سے کام لینے پر زور دیا، معاشرے کے امن کے لیے ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے۔

اللہ تعالیٰ اور رسول کریم ﷺکے احکامات پر عمل کرنا قانون کی بالادستی ہے، حج کو سیاسی، علاقائی یا لسانیت کے لئے استعمال کرنا شریعت کے خلاف ہے، حج تمام رنگ ونسل اور اقوام کو سمیٹ کر متحد کرتا ہے۔

اسلام نے حکمرانوں کی فرمانبرداری اور قانون کی بالادستی پر عمل کا حکم دیا، نبی ﷺ کا فرمان ہے کہ جو آپ لوگوں سے نیکی کرے تو اس کے لئے دعا کریں، حج کے بہترین انتظامات بے شک سعودی قیادت کی ایک عظیم نیکی ہے۔

عازمین عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے

میدان عرفات میں موجود 20 لاکھ کے لگ بھگ عازمین ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کر کے ایک ساتھ پڑھیں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

آج صبح مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو سونا اور 100 کلو چاندی استعمال کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سال سعودی حکام نے فرزندان اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، اس سلسلے میں ایک ہیلپ لائن کے قیام کے ساتھ ساتھ خصوصی حج ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی گئی ہے۔