خبرنامہ

انتظار ختم: ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا، میدان آج لگے گا

انتظار ختم: ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا، میدان آج لگے گا

دبئی: (ملت آن لائن) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 30 منٹ پر کھیلا جائے گا۔گذشتہ سال چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج ایشیا کپ میں آمنے سامنے آئیں گی، دونوں ٹیموں نے مقابلے کی بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں۔ قومی ٹیم میں فخر زمان، بابراعظم اور شعیب ملک پر مشتمل ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن موجود ہے جب کہ بولنگ کے شعبے میں محمد عامر، حسن علی اور شاداب خان پاکستانی ٹیم کے اہم ہتھیار ہوں گے۔

واضح رہے کہ پریکٹس سیشن کے بعد پاکستانی ٹیم نے آج کے میچ کیلئے بھی اپنے وہی بارہ کھلاڑی برقرار رکھے ہیں جنہوں نے ہانگ کانگ کیخلاف میچ کھیلا تھا لیکن توقع ہے کہ گرین شرٹس چار فاسٹ بالرز کے ساتھ میدان سنبھالیں گے۔ ایشیا کپ میں 12 میں سے 5 بار کامیابی نے گرین شرٹس کے قدم چومے اور 5 میں ہی روہت شرما الیون نے میدان مارا ہے جبکہ 2 میچ برابر رہے۔

ادھر ایشیاء کپ کی شیڈولنگ پر معترض قومی کپتان سرفراز احمد نے آج بھارت کیخلاف نارمل کرکٹ پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کو یہ بات سمجھا دی ہے کہ وہ اس میچ میں بھی اسی طرح کھیلیں جیسے عام طور پر کھیلتے ہیں، شائقین کی خواہش ہر حال میں فتح سہی لیکن بطور کپتان ہر ٹیم کیخلاف کامیابی اہمیت کی حامل ہوتی ہے، پاکستان کو اضافی فائدہ حاصل نہیں کیونکہ کنڈیشنز تمام ٹیموں کیلئے یکساں طور پر سازگار ہیں، ایک ٹیم کو دبئی تک محدود رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے، یقینی طور پر پی سی بی حکام اس معاملے کو دیکھیں گے۔