خبرنامہ

انگلینڈ نے ون ڈے کی تاریخ‌ کا سب سے بڑا سکور بنا ڈالا، پاکستان کو شکست

نوٹنگھم: ٹرینٹ برج سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز میدان میں اترے۔ تاہم انگلینڈ کا سکور ابھی 33 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ جیسن روئے کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جیسن روئے نے 15 رنز بنائے۔ اس کے بعد ایلکس ہیلز اور جو روٹ جم کر کھیلے اور پاکستانی باؤلرز کی خوب دھلائی کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ایلکس ہیلز نے پاکستان کیخلاف سینچری اور جو روٹ نے نصف سینچری سکور کی۔ دونوں بلے بازوں نے ٹیم کے سکور کو 250 سے زائد رنز تک پہنچایا۔ ایک وقت میں ایسا لگ رہا تھا کہ ایلکس ہیلز آج ڈبل سینچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے تاہم حسن علی نے انھیں ایل بی ڈبلیو کرکے ان کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔ ایلکس ہیلز نے 122 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 22 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 171 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔ اس کے فوری بعد ان کا ساتھ دینے والے جو روٹ بھی چلتے بنے۔ جو روٹ نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد جوز بٹلر اور کپتان اوئن مورگن نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔ بٹلر 90 جبکہ مورگن 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کا کوئی بھی باؤلر رنز روکنے میں ناکام رہا۔ وہاب ریاض سب سے مہنگے گیند باز رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 110 رنز دیے۔ حسن علی نے دو جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنا کر پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 445 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے ابتدائی دونوں میچ جیت کر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ اگر قومی ٹیم کو سیریز میں واپسی کرنا ہے تو اسے یہ میچ ضرور جیتنا ہوگا۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت پاکستان کو 44 رنز سے شکست دی تھی۔ جبکہ لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دیدی تھی. انگلینڈ کے جواب میں‌پاکستان کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا. ایک ایک کر کے کھلاڑی پویلین کی جانب لوٹتے رہے.