خبرنامہ

اٹلی میں 6.2 شدت کا زلزلہ، ہلاکتیں 73ہوگئیں، درجنوں زخمی

روم (آئی این پی) اٹلی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 73ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں ،زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے متعدد افراد اب بھی دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے وسطی علاقوں میں 6اعشاریہ2 شدت کے زلزلے نے تبائی مچادی ۔ ایک گھنٹے بعد5اعشاریہ5 شدت کے آ فٹر شاک نے بھی زمین ہلا دی۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث گرنے والی عمارتوں سے مزید کئی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد اب تک ملبے تلے دبے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے ۔ روم میں عمارتیں 20 سیکنڈ تک لرزتی رہیں۔ شدید زلزلے کے بعد معمولی زلزلوں کے 80 جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں زلزلے کے باعث 35 ہلاکتیں اماٹریس، 11 اکومولی اور 17 دیگر علاقوں میں ہوئیں۔ امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق اٹلی کے وسطی علاقے میں آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی شہر پیروگیا سے 76 کلو میٹر دور تھا اور زمین میں اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ زلزلے سے سب سے زیادہ اکومولی ، اما ترائس ،پوستا کے علاقے شدید متاثر ہوئے ۔ اومبریا کے علاقے میں نورشیا کے قصبے میں کئی عمارتیں مبلے کا ڈھیر بنگئیں اور درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو نامی گاؤں سے ہے جو زلزلے سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔اطلاعات کے مطابق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور اسی گاؤں سے 20 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔امدادی کارکنوں نے پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دو لڑکوں کو ملبے سے زندہ بھی نکالا ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکوں نے چارپائی کے نیچے چھپ کر زندگی بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ زلزلے کے بعد تودے گرنے سے متاثرہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ شہروں سے منقطع ہو گیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اٹالین حکام نے زلزلے کو شدید نوعیت کا قرار دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے زلزلے سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ 2009 میں اکویلا میں آنے والے زلزلے میں جو اٹلی میں بھی محسوس کیا گیا تھا 300 افراد ہلاک ہوئے تھے