خبرنامہ

ایل او سی پرکشیدگی ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس آج شام چار بجے ہو گا ۔ اجلاس میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث کی جائے گی ۔ پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ مشترکہ اجلاس میں وزیر قانون جنگ بندی کی خلاف ورزی ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تحریک پیش کریں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور قومی سلامتی پر پالیسی بیان دیں گے اور وہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں سے بھی پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر ریاستی پالیسی کے اہم نکات اجاگر کریں گے۔ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی اور بھارتی جارحیت کی مذمت پر قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تهام کا بل بهی منظور کرایا جائے گا ، زنا باالجبر سے متعلق جرائم کی روک تهام کے لیے فوجداری قانون ترمیمی بل 2016 کی منظوری لی جائے گی ۔ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ پی ایم ڈی سی ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کریں گی ۔