خبرنامہ

ایم کیو ایم کے فیصلے پاکستان میں کئے جائیں گے..فاروق ستار

، پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی ۔ 23 اگست (اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حب الوطنی ایم کیو ایم کے منشور کا بنیادی حصہ ہے، پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گذشتہ روز میڈیا کے دفاتر پر توڑ پھوڑ سے لاتعلقی کا بھی اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی اور میڈیا سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج یہ فیصلہ کرتے ہوئے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہو رہی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے فیصلے اب پاکستان میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی نامناسب تقاریر کی وجہ سے ماضی میں بھی ایم کیو ایم کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور گذشتہ روز بھی اسی طرح کے قابل مذمت الفاظ کو دہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اور اس کے کارکن و ہمدرد محب وطن پاکستانی ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کو پرامن سیاسی سرگرمیوں کی مکمل آزادی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فیصلے لندن کے بجائے اب پاکستان میں ہوں گے۔ اس موقع پر نسرین جلیل، خواجہ اظہار الحسن، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر عامر لیاقت اور اراکین سینیٹ، قومی، صوبائی سمیت ارکان رابطہ کمیٹی بھی موجود تھی۔