خبرنامہ

ایٹمی توانائی کمیشن کے پہلے سے جاری 14 اور 13نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 15ارب 8کروڑ50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص

اسلام آباد(ملت آن لائن ،اے پی پی) آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے پہلے سے جاری 14جبکہ 13نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر15ارب 8کروڑ50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو جاری کی گئی پی ایس ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 2کھرب 79ارب 29کروڑ52 لاکھ 10 ہزار روپے لگایا گیا تھا جس میں ایک کھرب32ارب 90کروڑ70 لاکھ 52 ہزار روپے کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے پہلے سے جاری 14منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر10ارب84کروڑ 11لاکھ 4ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں 6ارب 95کروڑ 70لاکھ 10 ہزار روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے جبکہ حکومت اپنے مالی وسائل سے 3ارب 88کروڑ 40 لاکھ 94 ہزار روپے فراہم کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق کمیشن کے 13نئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئندہ مالی سال کے دوران 4ارب 24کروڑ38 لاکھ 96 ہزار روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس میں غیرملکی امداد شامل نہیں ہے۔