خبرنامہ

ای روزگار اور گوگل کے زیر اہتمام گوگل سرٹیفیکیشن پروگرام کی تکمیل پر تقریب کا انعقاد

بصد احترام: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ

ای روزگار اور گوگل کے زیر اہتمام گوگل سرٹیفیکیشن پروگرام کی تکمیل پر تقریب کا انعقاد

لاہور:21 اکتوبر، 2019

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور ٹورزم کے مشترکہ منصوبے ”ای روزگار ” نے گوگل کے اشتراک سے تربیتی پروگرام میں 890 طلباء کی موبائل سائٹ سرٹیفیکیشن مکمل ہونے پر ارفع سافٹ ویئر پارک میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں گوگل جنوبی ایشیا کے ڈویلپر ریلیشنز پروگرام منیجر سمیع قزلباش اور سعد حامد کمیونٹی منیجر گوگل پاکستان نے خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر پروگرام منیجر ای روزگار احمد اسلام کا کہنا تھا کہ گوگل کے اس پروگرام کا ابتدائی ہدف 500 ڈویلپرز کو تربیت فراہم کرنا تھا لیکن ریکارڈ اضافے کے ساتھ 890 ڈویلپرز کو تربیت دی گئی جنہوں نے کامیابی سے امتحان بھی پاس کر لیا۔

گوگل کے ڈویلپر ریلیشنز پروگرام منیجر برائے جنوبی ایشیا سمیع قزلباش نے کہا کہ یہ کامیابی ان کیلئے مزید فری لانسنگ اور دیگر متعلقہ معاشی مواقع کھول سکتی ہے۔ انہوں نے اصل ہدف سے زیادہ نتائج دینے پر ای روزگار کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹر انٹرپرینیورشپ سلمان امین کا کہنا تھا کہگوگل موبائل سائٹ سرٹیفیکیشن میں شرکت کرنے والے کل 1070 ڈویلپرز میں سے پاس ہونے 890 طلباء کو سرٹیفیکیشن سے نوازا گیا، جن میں سے 52 فیصد تعداد خواتین کی تھی۔ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں ہر شعبہ میں خواتین کس حد تک آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوگل ماہر نے 63ای روزگار ٹرینرز کو گوگل سرٹیفکیشن کے لئے تربیت دی جنہوں نے آگے پنجاب بھر کے چودہ شہروں کی 18لیبز میں نوجوانوں کو تربیت فراہم کی۔گوگل ڈویلپر ماہر نے پی آئی ٹی بی اور ای روزگار کے تعاون سے لاہور کے دو ای روزگار سنٹرز میں دو ٹیسٹ سیشن کروائے اور بعد میں ای روزگار ہیڈ آفس میں ٹرینرز کی تربیت کا انعقاد کیا گیا جنہوں نے پنجاب بھر کے ای روزگار سنٹرز میں ڈویلپرز کو تربیت دی۔تقریب کے اختتام پر کوئز پر مبنی ایک انتہائی دلچسپ سرگرمی بھی عمل میں لائی گئی اور فاتحین کو ای روزگار اور گوگل کی جانب سے تحائف دیئے گئے۔