خبرنامہ

بیگم کلثوم نواز کی رسم قل، صرف اہلخانہ شرکت کریں گے، شہباز شریف

بیگم کلثوم نواز کی رسم قل، صرف اہلخانہ شرکت کریں گے، شہباز شریف
لاہور: (ملت آن لائن) سابق خاتون اول کلثوم نواز کی رسم قل آج ادا کی جائے گی، جس میں صرف خاندان کے افراد شریک ہوں گے۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری بھی اظہار افسوس کے لیے آج شریف فیملی کی رہائش گاہ پہنچیں گے۔

لاہور میں بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے بعد افسوس کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے، سابق خاتون اول کی رسم قل آج جاتی امرا میں ادا کی جائے گی، جس میں صرف خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نمازہ جنازہ میں شرکت پر قائدین اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دعائے قل میں شرکت کے خواہشمند افراد سے درخواست کی ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں ہی دعا اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے۔ ‎رسم قل کا اہتمام صرف شریف فیملی کے لیے کیا جائے گا۔ یہ اقدام عوام کو سفر کی مشکلات سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری بھی آج جاتی امرا جائیں گے۔ دونوں رہنماء سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔ پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔