خبرنامہ

جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ اسحاق ڈارکیلئے جنوبی ایشیاء کے بہترین وزیرخزانہ کا ایوارڈ وصول کرلیا

واشنگٹن ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ اسحاق ڈارکیلئے جنوبی ایشیاء کے بہترین وزیرخزانہ کا ایوارڈ وصول کرلیا۔انہیں یہ ایوار آئی ایم ایف کے ابھرتی ہوئی معیشیتوں کے میگزین نے عالمی بنک کے سالانہ اجلاس کے موقع پردیا ہے۔وزیرخزانہ پاکستان میں مصروفیات کی وجہ سے آئی ایم ایف اورعالمی بنک کے سالانہ اجلاس میں شریک نہ ہوسکے جس کی وجہ سے پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیرخزانہ کی طرف سے یہ قابل فخر ایوارڈ وصول کیا۔اس موقع گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے ابھرتی ہوئی معیشیتوں کے میگزین کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ میگزین نے پاکستان کی کامیاب اقتصادی اورمعاشی پالیسیوں کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی عوام کی فلاح وبہبود، ملکی معیشیت کے استحکام ،ترقی اوراصلاحات کی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشیت مستحکم ہوئی ہے اوراب ملک پائیدارترقی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے۔انہوں نے وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار کو مبارکباد دی اورکہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر ان کی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے پاکستان کو خطے کا اہم معاشی طاقت بنانے میں کلیدی کردارادا کیاہے۔