خبرنامہ

جڑانوالہ واقعہ ، مرکزی ملزم گرفتار ہوچکے ، سب کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے : محسن نقوی

جڑانوالہ واقعہ ، مرکزی ملزم گرفتار ہوچکے ، سب کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے : محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں پیش آنے والا واقعہ ہمارے لئے بہت بڑا سانحہ ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پہلا دورہ سانحہ جڑانوالہ کی مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کیا ہے اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا پورا فوکس سانحہ جڑانوالہ میں ملوث شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں ہے۔ پولیس نے سانحہ جڑانوالہ کے مرکزی ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو ویڈیوز کی مدد سے ٹریس کیا جارہا ہے۔ وہ سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نذر آتش کئے گئے گرجا گھروں کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں پہلے سے بہتر حالت میں بحال کریں گے جبکہ 2گرجا گھروں کو بحال کردیا گیا ہے۔ جو بھی خاندان متاثر ہوا ہے انہیں امدادی رقوم کا چیک ضرور ملے گا۔ کسی ایک بھی متاثرہ گھر کی مالی امداد نہیں رکے گی۔ ایسا نہیں ہوگا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بس آئیں اور چلے جائیں، ہم آخری متاثرہ خاندان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہمیں بار بار بھی آنا پڑا توجڑانوالہ آئیں گے۔ پنجاب حکومت کی مکمل سپورٹ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ راستے میں وزیراعظم نے کہا کہ مسیحی برادری کو ہر حالت میں انصاف دلانا ہے۔ مسیحی برادری کو انصاف دلانے کے لئے ہماری پوری کوشش ہے اور جلد آپ لوگ یہ انصاف دیکھیں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی زیر صدار ت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 7 ویں اجلاس میں دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کو خصوصی پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو 10 روز میں امدادی رقوم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد اوورہیڈ برج سے گٹ والا روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور اور فیصل آباد کی واٹر سینی ٹیشن ایجنسی میں بہتری کیلئے فرانسیسی ایجنسی فار ڈویلپمنٹ سے معاونت لی جائے گی۔ اجلاس میں مری میں سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے جدید مشینری خریدنے کا فیصلہ کیا گیا اور سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لاہور کے تاریخی دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے پروگرام کی منظوری دی گئی۔ جبکہ لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار کی تزئین وآرائش کیلئے فنڈز کے اجراء اور پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرائم منسٹر نیشنل پروگرام کے تحت پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن ”فلڈ پروٹیکشن سیکٹر پراجیکٹ تھری“ کو سالانہ ترقیاتی پروگرا م 2023-24 میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ جبکہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چکوال اور دیگر مقامات پر سمال ڈیمز کیلئے فنڈز کے ازسرنو اجراء کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور ادویات کی خریداری کا شفاف طریقہ کار وضع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ادویات کو سٹور کرنے اور ہسپتالوں تک پہنچانے کیلئے فول پروف اور برق رفتار نظام وضع کیا جائے گا