خبرنامہ

حکومتی کریک ڈاؤن کے باوجود چینی قیمتیں آسمان پر، کئی شہروں سے غائب

حکومتی کریک ڈاؤن کے باوجود چینی قیمتیں آسمان پر، کئی شہروں سے غائب

حکومتی کریک ڈائون کے باوجود چینی قیمتیں آسمان پر،کئی شہروں سے غائب،بازاروں میں باریک پاؤڈر نما درآمدی چینی 90سے100 روپے کلو میں دستیاب،دگنا استعمال پر بھی پھیکا ذائقہ،کراچی میں مقامی چینی 140سے 150،کوئٹہ میں 160،ملتان میں 130 اور پشاور میں 150م روپے میں فروخت جاری ہے ،ترجمان وزارت خزانہ کاکہناہےکہ مسئلہ جلدحل ہوجائیگا۔ تفصیلات کےمطابق چینی کی قیمت میں اضافےکے ساتھ ہی موٹی چینی دکانوں سے غائب ہونے لگی ، بازاروں میں باریک پاؤڈر نما درآمدی چینی 90 سے100 روپے کلو میں دستیاب ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ باریک چینی کسی کام کی نہیں ،جہاں2چمچوں سے کام بن جاتا تھا وہاں باریک چینی کے 4چمچے ڈالنا پڑتے ہیں ،کراچی میں چینی کی قیمت 140 سے 150 روپے کلو تک ہے، ملتان اور لاہور کے پرچون بازاروں میں مقامی چینی کی فروخت بند ہوگئی ہے، لاہور میں باغبان پورہ،غلہ منڈی،کاہنہ غلہ منڈی اور اکبری غلہ منڈی میں مقامی چینی موجود نہیں تاہم مخصوص دکانوں پر سرکاری درآمدی چینی 90روپے کلو میں دستیاب ہے۔ملتان میں ہول سیل مارکیٹ میں باریک چینی کا ریٹ 90 روپے فی کلو ہے اور ہول سیل مارکیٹ میں موٹی چینی کا ریٹ 125 سے130 روپےکلو ہے۔کوئٹہ میں 4روز میں ایک کلو چینی کی قیمت میں 47روپے اضافہ ہوا ، ایک کلو چینی 5روپے کے اضافےکے بعد 160روپے کی ہوگئی ۔حیدرآباد میں بھی چینی 150 روپے کلو میں دستیاب ہے، ریٹیل میں چینی 148 سے 150 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے جب کہ میرپور آزاد کشمیر میں ریٹیل میں چینی 150 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔پشاور سمیت پورے صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ چند روز میں چینی کی قیمتیں بڑھ جانے پر شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ، چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ چینی کا مسئلہ جلدحل ہونے والا ہے، آئندہ 22 دن کا اسٹاک حکومت کے پاس موجود ہے۔ وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ میں ابھی تک کوئی شوگرملزنہیں چلی ، پنجاب میں 15نومبرسے شوگرملز چل جائیں گی، چینی کی ملک میں 15ہزارٹن کی ضرورت ہے۔