خبرنامہ

ختم نبوت قانون میں ترمیم: نوازشریف کا رپورٹ نہ ملنے پر اظہار ناراضی

ختم نبوت قانون میں ترمیم: نوازشریف کا رپورٹ نہ ملنے پر اظہار ناراضی

اسلام آباد(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف نے ختم نبوت قانون میں متنازع ترمیم کے معاملے پر بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے تاحال رپورٹ نہ ملنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

حکومت نے انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کی تھی جس میں کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کی بھی نشاندہی کی گئی تھی جس پر شدید احتجاج کے بعد فوری طور پر ترمیم کو واپس لے کر کاغذات نامزدگی کے فارم کو پرانی حالت میں بحال کیاگیا۔
حلف نامے میں تبدیلی جان بوجھ کر نہیں کی گئی، زاہد حامد

میاں نوازشریف نے اس حوالے سے تحقیقات کے لیے 7 اکتوبر کو راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں احسن اقبال اور مشاہد اللہ خان بھی شامل ہیں۔

کمیٹی نے گزشتہ روز اجلاس میں وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کو طلب کیا تھا اور ان سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ میاں نوازشریف نے کمیٹی کے چیرمین راجہ ظفر الحق کو ٹیلی فون کیا ہے اور تحقیقاتی رپورٹ 24 گھنٹے میں نہ بھیجنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

ذرائع کےمطابق نوازشریف نے راجہ ظفر سے استفسار کیا کہ کمیٹی کا کام ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا جس پر انہوں نے پارٹی صدر کو بتایا کہ احسن اقبال کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوئی تاہم جلد اس حوالے سے کام مکمل کرکے رپورٹ بھیج دی جائے گی۔