خبرنامہ

ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کرنے کی ترمیم سینیٹ سے بھی منظور

ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کرنے کی ترمیم سینیٹ سے بھی منظور

اسلام آباد(ملت آن لائن)سینیٹ نے کاغذات نامزدگی فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کرنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے انتخابی اصلاحات بل 2017 کے کاغذات نامزدگی فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کرنے کی ترمیم کا بل پیش کیا جسے ایوان نے متفقہ طو پر منظور کرلیا۔

بل کے متن کے مطابق حلف نامے کے کالم پر اقرار نامے اور حلف نامے کے الفاظ شامل کر دیئے گئے ہیں۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے زاہد حامد نے کہا کہ اس شق کو مرکزی بل میں شامل کرنے کا حمایتی ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کا مشکورہوں کہ انہوں نے تعاون کیا۔

زاہد حامد نے کہا کہ اتنی محنت کے باوجود ایک نقطہ رہ گیا جس کا تصور بھی نہیں کرسکتے، سوچ بھی نہیں سکتا کہ ختم نبوت کے اقرار پر غلط اثرانداز ہوں۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 40 سال بعد انتخابات کے 8 قوانین میں ترمیم کرکے انتخابی اصلاحات کیں، شق سیون بی اور سی کو انتخابات بل میں لانے پرمشاورت کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی کے حلف نامے میں ترمیم پر میاں نوازشریف نے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو اس حوالے سے تحقیقات کرکے ذمہ دار کا تعین کرے گی۔