خبرنامہ

خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ درست نہیں :رانا ثنا اللہ

خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ درست نہیں :رانا ثنا اللہ

لاہور (ملت آن لائن) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ درست نہیں ہے، خواجہ آصف کی نااہلی کے حوالے سے دنیا ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک سیاستدانوں نے کبھی اپنے گوشوارے خود سے نہیں بھرے جس کی وجہ سے کاغذات میں کوئی نہ کوئی غلطی رہ جاتی ہے اور اس کی بنا پر سیاستدان کو نااہل قرار دے دیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو ایک تکنیکی غلطی کی بنا پر سیاست سے نااہل قرار دیا گیا، لیکن اس کے باوجود سیاست میں ان کا اتنا اثر و رسوخ اتنا ہے کہ وہ سیالکوٹ میں اپنی جگہ کوئی بھی امیدوار نامزد کر دیں تو وہ بھی کامیاب ہوسکتا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اور سیاسی جماعتوں نے جتھے بنانے شروع کر دیئے ہیں ۔ بلوچستان میں بھی ایک سیاسی جتھہ بنا جس نے سیاست میں جو کردار ادا کیا وہ سب نے دیکھا ، اب پنجاب میں بھی ایسا ایک جتھہ قائم ہو رہا ہے ۔ نااہلی کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور خواجہ آصف کے کیسز میں بہت فرق ہے ، نواز شریف کو محض اس لئے نااہل قرار دیا گیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے لی جانے والی تنخواہ کا اثاثوں میں ذکر نہیں کیا تھا جبکہ خواجہ آصف کو محض ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے سیاست سے نااہل قرار دیا گیا ہے ۔انہوں ںے کہا کہ 62 ون ایف کی افادیت ختم ہوتی جا رہی ہے اور امید ہے کہ آئندہ پارلیمنٹ کے آنے کے بعد یہ قانون بھی ختم کر دیا جائے گا۔