خبرنامہ

دعائیں رنگ لے آئیں‘ ہسپتال میں زیر علاج یاسین ملک کی طبعیت بہتر ہونا شروع

سری نگر (ملت + آئی این پی )جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ ممتاز حریت رہنما یاسین ملک کی طیعیت بہتر ہونے لگی۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی قید اور ہسپتال میں زیر علاج حریت رہنما یاسین ملک کی طبیعت میں قدرے بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔حریت رہنما یاسین ملک کو جیل میں بھارتی پولیس نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد انکی حالت غیر ہوئی تھی تاہم بعد میں بھارتی پولیس نے انہیں سورا ہسپتال منتقل کیا تھا جہاں غلط انجیکشن لگنے کے بعد انکا ایک بازو مفلوج ہو نے کا انکشاف ہوا تھا۔یاسین ملک کی حالت غیر ہونے کے بعد انکی ساس نے میڈیا سے بات کی اور بتایا تھا کہ یاسین ملک کو بھارتی قیدمیں کئی کئی روز پانی اور کھانا فراہم نہیں کیا جاتا جبکہ ہسپتال میں غلط انجیکشن لگنے سے انکا بازو بھی مفلوج ہو چکا ہے۔