خبرنامہ

دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے: وزیراعظم

اسلام آباد .. وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، حملے کے منصوبہ سازوں کا پیچھا کیا جائے گا ، دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ۔ بلوچستان کے حکام نے وزیراعظم کو آپریشن سے متعلق لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں دیں گے ۔ وزیرداخلہ چودھری نثار اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی حملے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور امن اور ترقی کے دشمن ہیں ، آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں ۔