خبرنامہ

ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں جمع ہونا شروع، عمران خان کی بھی اپیل دائر

شہباز شریف کی

اسلام آباد: انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے والے امیدوار آج سے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں دائر کرسکیں گے۔

ملک بھر میں ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل 21 ٹریبونل بنائے گئے ہیں جہاں 22 جون تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی اور ٹربیونلز 27 جون تک اپیلوں سے متعلق فیصلے کریں گے۔

اسلام آباد کے لئے ایک، خیبر پختوانخوا میں 6، پنجاب میں 8، سندھ میں 4 اور بلوچستان میں 2 ٹریبونل قائم کیے گئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کردی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں عمران خان سے متعلق ریٹرننگ افسر کا فیصلہ آئین سے متصادم ہے۔

درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ ایپیلٹ ٹربیونل آر او کی جانب سے عمران خان سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال گزشتہ روز مکمل کرلی گئی تھی۔

اسی طرح لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹربیونل نے پیپلز پارٹی کی نرگس فیض ملک اور تحریک انصاف کی عابدہ راجا کی اپیلیں مسترد کردیں۔

اپیلیٹ ٹربیونل نے دونوں اپیلوں میں ریٹرننگ آفیسرز کا فیصلہ برقرار رکھا جب کہ اپیل کنندگان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب میں ووٹ نہ ہونے کی بنا پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔