خبرنامہ

سائفر کیس: عمران اور شاہ محمود کے وکلا پیش نہ ہوئے، سماعت 14 نومبر تک ملتوی

راولپنڈی: سائفر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے وکلا پیش نہ ہونے کے باعث گواہان کے بیان ریکارڈ نہ ہو سکے۔سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کے وکلا دیگر عدالتوں میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے اور جونیئر وکلا کی جانب سے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔سائفر کیس میں ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وکلا صفائی نے درخواست کی کہ وہ لاہور میں ہیں، اسموگ کی وجہ سے نہیں آ سکتے، آئندہ سماعت پر6 گواہان کے بیانات ریکارڈ کریں گے۔اسپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مجموعی طور پر 28 گواہان ہیں، خیال یہ ہے کہ 26 گواہاں کی بیانات ہوں گے۔ایف آئی اے کے ایک اور اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا صفائی کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی ہو گئی ہے۔شاہ خاور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وکلا صفائی کی عدم دستیابی کے باعث گواہان کے بیانات قلمبند نہیں ہوئے، سائفر کیس کی سماعت میں ملزمان کی فیملی کے 5 ممبران کو ملنے کی اجازت مل گئی ہے، آئندہ سماعت پر 6 گواہان کے گواہان کے بیانات قلمبند ہوں گے۔