خبرنامہ

سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اوروہ لیگی لہجے میں بول رہے ہیں، فواد چوہدری

سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اوروہ لیگی لہجے میں بول رہے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں اور ان کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا جب کہ ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ سراج الحق (ن) لیگ کے اتحادی ہیں اس لیے ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے، ان کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جب کہ امیر جماعت اسلامی کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر میں (ن) لیگ اور کے پی میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے جب کہ پنجاب میں ان کا ناظم شیر کے نشان پر جیتا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے کہا کہ سراج الحق کا بیان افسوسناک ہے، اگر کوئی خرابی تھی تو امیر اجماعت اسلامی اقتدار کے مزے لوٹنے کے بجائے بولے کیوں نہیں، اپنا ملبہ دوسروں پر ڈالنا جماعت اسلامی کی پرانی عادت ہے، پانچ سال اقتدار کے مزے لیئے ہیں تو ذمہ داری بھی قبول کریں۔
چیئرمین سینیٹ منتخب کرانے کیلیے پی ٹی آئی نے کہا کہ اوپر سے آرڈر آیا ہے، سراج الحق
شوکت یوسف زئی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزرا آستین کے سانپ ثابت ہوئے، پشاور کی ترقی میں بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی کے وزیر رہے جب کہ آئندہ جماعت اسلامی کو کبھی حکومت میں شامل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی ترقی کا منصوبہ ہے اور ہم اس کی ذمہ داری لیتے ہیں جب کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی نگرانی میں بن رہا ہے اور یہ شفاف منصوبہ ہے۔