خبرنامہ

سزا پہلے اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے، مریم نواز

سزا پہلے اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے، مریم نواز

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارایسا ہو رہا کہ سسلیئن مافیا عدالتوں میں پیش ہورہاہے جب کہ یہ کیسا انصاف ہے جس میں سزا پہلے سنائی گئی اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے۔

احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسا انصاف ہے جس میں سزا پہلے سنائی گئی اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے، تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ سسلیئن مافیا عدالتوں میں پیش ہورہاہے، ہم تو ویسے ہی ڈان ہیں لیکن اصل ڈان میڈیا والے ہیں۔ نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی وطن واپسی جلد متوقع ہے وہ اسی ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے تک واپس آجائیں گے۔

…………..

نیب ریفرنسز: نواز شریف کی ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد
تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دے رکھی ہے لہذا ٹرائل کو روکا جائے: وکیل سابق وزیراعظم

اسلام آباد: نوازشریف نے احتساب عدالت میں مقدمے کی کارروائی روکنے کیلئے درخواست دائر کی۔ جس پر سابق وزیر اعظم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دے رکھی ہے لہذا ٹرائل کو روکا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب میں کہا سپریم کورٹ نظر ثانی اپیل مسترد کر چکی ہے اور نہ ہی عدالت نے ریفرنس یکجا کرنے پر کوئی حکم جاری کیا ہے۔ جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کی ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ یہ بھی پرھیں: شریف خاندان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی واضح رہے نواز شریف، حسن اور حسین نواز پارک لین اپارٹمنٹس، عزیزیہ سٹیل ملز اور آف شور کمپنیوں کے ریفرنسز میں جبکہ مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر صرف پارک لین اپارٹمنٹس میں نامزد ملزم ہیں۔