خبرنامہ

سندھ: رینجرز کے اختیارات میں 90 روز کی توسیع

کراچی (ملت آن لائن) سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خزانہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس سے قبل وزیر قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بتایا تھا کہ رینجرز کے اختیار میں آج ایک ترمیم زیرغور ہے اور وہ ترمیم یہ ہے کہ رینجرز سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات محدود کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی جا رہی۔ وزیر قانون سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے درمیان روابط بڑھانا ضروری ہیں تاہم پاکستان پروٹیکشن آرڈیننس وفاقی اختیار ہے، صوبہ صرف تجویز بھیج سکتا ہے، نوٹیفکیشن وفاقی وزارت داخلہ ہی جاری کرتی ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد دنیا نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق، سندھ کابینہ نے رینجرز کے اختیارات میں نوے روزکی توسیع کر دی ہے۔ رینجرز کو حاصل ہونے والے اختیارات کے تحت رینجرز چھاپے مار سکے گی اور گرفتاریاں بھی کرسکے گی۔ اختیارات کے تحت رینجرز پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور چوکیاں بھی قائم کر سکے گی تاہم، رینجرز تحقیقات میں سی ٹی ڈی کے ساتھ تعاون کرے گی۔ اس سے قبل سندھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز نے عسکری ونگز، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف اچھا کام کیا ہے اور کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشنز سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔