خبرنامہ

شماریات ڈویژن کے دو جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20کروڑ روپے مختص

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی)آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت شماریات ڈویژن کے پہلے سے جاری دو ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ پی ایس ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں پرمجموعی لاگت کا تخمینہ52کروڑ93 لاکھ 80ہزار روپے لگایا گیا تھا جبکہ 30 جون2017ء تک ان منصوبوں کیلئے 19 کروڑ 88لاکھ59ہزار روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان میں نیشنل اکاؤنٹس 2005-06 ء تا2015-16ء کیلئے بیس کی تبدیلی اور مختلف سرویز کے حوالے سے دیہی علاقوں میں اعدادوشمار اکٹھے کرنے کا منصوبے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ شماریات ڈویژ کیلئے ان منصوبوں پر پہلے سے جاری ترقیاتی فنڈز کے علاوہ 33کروڑ5 لاکھ21 ہزار روپے کے اخراجات کا تخمینہ مرتب کیا گیا ہے۔