خبرنامہ

صدراتی انتخاب میں لاکھوں غیر قانونی ووٹ ڈالے گئے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آٹھ نومبر کو ہونے والے صدراتی انتخاب میں سے اگر ان افراد کو نکال دیا جائے جنھوں نے غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالے تب بھی انھیں تمام مقبول ووٹ حاصل ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گرین پارٹی کی صدراتی امیدوار جل سٹین نے ریاست وسکانسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کی درخواست جمع کروائی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حریف ہلیری کلنٹن کی ٹیم نے دوبارہ گنتی کی حمایت کرنے کا کہا ہے۔نو منتخب امریکی صدر نے اپنے ٹویٹس میں لکھا کہ ان کے لیے نام نہاد مقبول ووٹ حاصل کرنا الیکٹورل کالج سے کہیں زیادہ آسان ہوتا، اس کے لیے انہیں 15 ریاستوں کی بجائے تین یا چار ریاستوں میں مہم چلانا پڑتی۔انھوں نے میڈیا پر الزام لگایا کہ ریاست ورجنیا، نیو ہمپشائر اور کیلیفورنیا میں جہاں ہلیری کلنٹن نے کامیابی حاصل کی بڑی تعداد میں ووٹ فراڈ ہوا لیکن میڈیا اس مسلے پر رپورٹ نہیں کر رہا۔