خبرنامہ

طیارے کا چار بج کر سولہ منٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا

حویلیاں: (ملت+اے پی پی) بدقسمت طیارے کے ساتھ کب کیا ہوا ؟ جہاز اور کنٹرول ٹاور کے درمیان آخری لمحات کے رابطوں کی تفصیلات دنیا نیوز نے حاصل کر لیں ۔ قومی ائرلائن کا بد قسمت طیارہ چترال ائر پورٹ سے 4 بجکر 5 منٹ پر روانہ ہوا ، شام 4 بجکر 9 منٹ پر پرواز پی کے 661 چراٹ کے ٹاور سے رابطے میں تھی ، شام 4 بجکر 12 منٹ پر پی کے 661 مرکزی کنٹرول ٹاور سے منسلک ہوئی ۔ پائلٹ نے 4 بجکر 14 منٹ پر کنٹرول ٹاور کو پہلی اور آخری ایمرجنسی کال کی ۔ پائلٹ کیپٹن صالح جنجوعہ نے مے ڈے میں بتایا کہ جہاز کا ایک انجن فیل ہوگیا ہے ۔ ایک منٹ بعد 4 بجکر 15 منٹ پر پرواز اچانک 7 ہزار 500 فٹ کی بلندی پر آ گئی ۔ بدقسمت جہاز اگلے ہی لمحے 4 بجکر 16 منٹ پر ریڈار سے غائب ہوگیا اور پھر جہاز میں موجود تمام مسافروں کی روحیں قفس عنصری سے پرواز کر گئیں ۔