خبرنامہ

عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری

عدلیہ مخالف تقاریر

عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری

لاہور:(ملت آن لائن) ہائی کورٹ نےعدلیہ مخالف تقاریر پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز عوام کو عدلیہ کے خلاف اکسانے سے باز نہیں آ رہے، مریم نواز جلسوں اور سوشل میڈیا پرعدلیہ کو تضحیک کا نشانہ بنارہی ہیں جب کہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف بغاوت کا اعلان کرکے عوام کو اکسایا ہے۔ عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکنے پر پیمرا بھی کچھ نہیں کر رہا جب کہ لیگی شخصیات کی عدلیہ مخالف تقاریر کا ریکارڈ بھی جمع کرا دیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور پیمرا سے 15 مارچ تک جواب طلب کر لیا جب کہ سیکرٹری پیمرا کو بهی مرکزی کیس میں فریق بنانے کی اجازت دے دی ہے۔
………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات

راولپنڈی:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرِخارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرِخارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیوراولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیرِخارجہ نے پاک فوج کی جانب سے ایران بارڈر پر سیکیوٹی کے بہترین انتظامات کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن مغربی ایشیا کےساتھ وسیع بنیادوں پرتعاون پر منحصر ہے۔
…………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری، سپیکر ایاز صادق کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سیکرٹری داخلہ اور پارلیمانی سیکرٹریز کی عدم حاضری پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق احتجاجا واک آؤٹ کر گئے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا ہے ایوان کی بے توقیری برداشت نہیں کرسکتا، وزیراعظم کی تحریری یقین دہانی تک روزانہ واک آؤٹ کرونگا۔ دوسری جانب سینیٹ میں ہونے والی گرما گرمی کی قومی اسمبلی میں بھی سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت کی گئی ۔ تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما پر سینیٹ کی گیلری میں تشدد ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہیے ، گالم گلوچ کرنا اور تشدد کرنا جمہوری روایات نہیں۔ شیریں مزاری نے کہا ان کی کار پر بھی ن لیگ کے سپورٹرز نے حملہ کیا جس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا اس قسم کے واقعات نہیں ہونے چاہییں ، کار پر حملے کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ اسپیکر نے کہا وزیراعظم نے سینیٹ گیلری واقعہ کا نوٹس لے کر معذرت کی ہے، سینیٹ میں بھی نعرے بازی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنما پر تشدد کی مذمت بھی کی۔ تحریک انصاف کے رہنما حامد الحق نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کل نامعلوم افراد نے سینیٹ میں مجھ پر حملہ کیا ، نامعلوم افراد کبھی جوتا اور سیاہی پھینکتے ہیں جو غلط روش ہے ، ملزم کو گرفتار ہونا چاہیے۔ عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ایم این اے حامد الحق پر مبینہ حملے کی مذمت کی اور کہا مسلم لیگ ن کا گلو بٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔