خبرنامہ

لائن آف کنٹرول: 4 سیکٹرز میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری

مظفر آباد …. بھارت شرانگیزی سے باز نہ آیا ، آزاد کشمیر میں چار سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ، پاک فوج نے بھرپور جواب دے کر سبق سکھا دیا ۔ جنگی جنون نے بھارت کو حواس باختہ کر دیا ، پاکستان پر حملے کی تو حسرت دل میں رہ گئی ، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں شروع کر دیں ۔ بھارتی فورسز نے چوبیس گھنٹے میں دو بار شرانگیزی کی ۔ پہلے پونچھ سیکٹر کے علاقے سجیاں میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ۔ پھر بھنڈالہ سیکٹر میں مارٹر گولے فائر کیے ۔ وادی لیپہ میں نوکوٹ اور وادی نیلم کے دودھنیال سیکٹر میں بھی فائرنگ کی گئی ۔ بھارتی فورسز کی اس بزدلانہ حرکتوں کا پاک فوج نے دندان شکن جواب دیا جس پر بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں ۔ بھارتی فوج کی جانب سے رات تین بجے کے قریب فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس پر پاک فوج کیجانب سے بروقت جوابی کاروائی کی گئی ۔ تقریباً 2 گھنٹے جاری رہنے والی فائرنگ میں بھارت کی طرف سے مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے ۔ فائرنگ اور گولہ باری سے کسی بھی جانی و مالی نقصان کی کوئی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ واقعہ سے بنڈالہ، سماہنی، چوکی اور کنٹرول لائن پر واقع سول آبادیوں میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ کنٹرول لائن پر واقع آبادیوں بنڈالہ، سماہنی اور چوکی شہر میں والدین کی جانب سے بچوں کو اسکول نہیں بھیجا گیا ۔ واضح رہے کہ بھارت نے اس سے قبل بھی متعدد بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی املاک اور شہریوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔