خبرنامہ

لاہور میں بارش سے قبل تیز آندھی نے تباہی مچا دی

لاہور میں بارش سے قبل تیز آندھی نے تباہی مچا دی

لاہور: (دنیا نیوز) شدید گرمی کی لہر کے بعد لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش سے قبل تیز آندھی نے لاہور میں تباہی مچا دی۔لاہور میں بارش سے قبل آنے والی تیز آندھی نے بجلی کا نظام معطل کردیا، گردوغبار اور حد نظر کم ہو جانے کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔اچھرہ، وحدت کالونی، مغلپورہ، شفیق آباد، گڑھی شاہو میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ شاہدرہ، ساندہ، سمن آباد، نواں کوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند رہی۔

گوجرپورہ میں گھر کی چھت گرنے سے 2 بھائی زخمی جبکہ شالیمار کے علاقہ میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ نشاط کالونی میں گھر کی بیرونی دیوار گر گئی۔ برکی روڈ پر پیراگون سوسائٹی کے قریب بھی ایک عمارت زمین بوس ہوئی ہے۔ ہربنس پورہ میں چمڑہ منڈی اور رائیونڈ روڈ پر اڈہ پلاٹ کے قریب گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔